عید کی چھٹیوں کے موقع پر گوردوارہ سچا سودا میں خصوصی عبادات کا اہتمام

پاکستان میںاقلیتوں کو مذہبی رسومات ادا کر نے میں مکمل آزادی حاصل ہے، پون سنگھ اروڑہ

بدھ 28 جون 2017 18:00

شیخوپورہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) عید کی چھٹیوں کے موقع پر سکھ نوجوانوں کی جانب سے گرودوارہ سچا سودا، منڈی چوڑکانہ فاروق آباد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکت کیلئے ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے یاتریوں کی بڑی تعداد بھی پہنچی جبکہ لاہور، نارووال اور دیگر علاقوں سے آنے والے یاتریوں کے علاوہ سندھ سے بھی یاتریوں نے حاضری دی اور عبادات میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز کے زیر نگرانی فری میڈیکل کیمپ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عبادات کا سلسلہ عید کے تینوں دن جاری رہا جبکہ اس موقع پر لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔گیانی گورداس سنگھ جی نے یاتریوں کو بتایا کہ گوردوارہ سچا سودا وہ تاریخی جگہ ہے جہاں سے سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی نے لنگر کی شروعات خدا کی عبادت میں مگن بھوکے لوگوں کو کھانا کھلا کر کی تھی، جس کی پیروی آج دنیا بھر کے ہر گوردوارہ میں لنگر چلا کر کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پون سنگھ اروڑہ اور ڈاکٹر ممپال سنگھ نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ینگ سنگھ سیوا سوسائٹی کے عہدیداروں میں سروپے تقسیم کئے گئے اور پون سنگھ اروڑہ نے بہترین انتظامات اور خصوصی کاوش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکھوں کی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پاکستان میںاقلیتوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کر نے کیلئے مکمل تحفظ حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :