ملک بھر کی طرح حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عیدالفطر سادگی سے منائی گئی

بدھ 28 جون 2017 17:40

حیدرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) ملک بھر کی طرح حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عیدالفطر سادگی سے منائی گئی، سانحہ پارہ چنار ، کوئٹہ ، کراچی اور احمد پور شرقیہ کی وجہ سے قوم کے دل غم سے ڈوبے ہو ئے تھے، عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید کے موقع پر آئمہ کرام نے سانحات میں شہید ہو نے والوں اور ان کے لواحقین کے علاوہ مقبوضہ کشمیر وبیت المقدس کی آزادی اور مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے خصوصی دعائیں کیں، حیدرآباد میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ رانی باغ اور رانی باغ گراؤنڈ میں ہوا جبکہ بورڈ اسٹیڈیم لطیف آباد ، باغِ مصطفی نمبر 8اکبری گراؤنڈ ، محبوب اسپورٹس گراؤنڈ ، افضا ل گراؤنڈ ، گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر7عید گاہ امانی شاہ کالونی ، نرسری پارک ، عید گاہ حسین آباد ، پکا قلعہ گراؤنڈ ، گورنمنٹ ہائی اسکول گول بلڈنگ ، لبرٹی چوک ، جامع مسجد صدر ، جامعہ مسجد آزاد میدان ، لیاقت کالونی گراؤنڈ ، جامع کلاتھ مارکیٹ ، مہران گراؤنڈ نورانی بستی،فیضان ِ مدینہ ،آفندی ٹاؤن ،سبزی منڈی ، ذیل پاک کالونی اور دیگر مقامات پر بھی نمازیوں کی کثیر تعداد نے نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کے پڑوسی اضلاع مٹیاری ، ٹنڈو الہیار ، ٹنڈو محمد خان اور جام شورو میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے ہر جگہ امن و امان کی صورتحال تسلی بخش رہی۔ اس دوران پولیس و رینجرز نے حفاظتی انتظامات کئے ہوئے تھے۔ عیدگاہوں اور مساجد کے علاوہ اہم مقامات پر پولیس و رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کی۔ سابق وفاقی وزراء اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سید نوید قمر ، مولا بخش چانڈیو ، مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر انصاری ، جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے عبدالوحیدقریشی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں اراکین قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، سابق ناظم کنور نوید جمیل ، حیدرآباد کے ایم این ایز و ایم پی ایز ،پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں انیس قائم خانی، نواب راشد علی خان ،جمعیت علمائے پاکستان کے صدر صاحب زادہ ابوالخیر محمد زبیر ،سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی ، قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایا ز لطیف پلیجو اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے اپنے گھروں میں سادگی سے عید منائی۔

متعلقہ عنوان :