Live Updates

پنجاب میں لاہور، ملتان، رحیم یار خان، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انٹر نیشنل سٹینڈرڈز کے برن یونٹ کام کر رہے ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق

چار سال کے دوران پی ٹی آئی کی حکومت نے کے پی کے میں اگر کوئی ایک برن یونٹ ، چلڈرن ہسپتال یا کارڈیک سنٹر بنایا ہے تو شاہ محمود قریشی اس کا نام قوم کو ضرور بتائیں‘ وزیر صحت پنجاب

بدھ 28 جون 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں لاہور، ملتان، رحیم یار خان، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انٹر نیشنل سٹینڈرڈز کے برن یونٹ کام کر رہے ہیں،اگر پی ٹی آئی کی حکومت نے چار سال کے دوران خیبر پختونخواہ میں اگر کوئی ایک برن یونٹ ، چلڈرن ہسپتال یا کارڈیک سنٹر بنایا ہے تو شاہ محمود قریشی اس کا نام قوم کو ضرور بتائیں،بعض لوگ لاشوں پر سیاست کر نے اور قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے سے بھی باز نہیں آتے۔

انہوں نے یہ بات عید کے روز بہاولپور سے واپسی پر علامہ اقبال میڈیکل کالج کانفرنس روم میں احمد پور شرقیہ کے سانحہ کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر راشد ضیاء ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین ، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جناح برن یونٹ کے انچارج پروفیسر معظم تارڑ بھی موجود تھے ۔

یاد رہے کہ احمد پور شرقیہ آئل ٹینکر کے افسوسناک حادثے کی خبر ملتے ہی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خواجہ سلمان رفیق اور نجم احمد شاہ فوری طور پر بہاولپور پہنچ گئے اور آگ سے جھلسنے والے افراد کو طبی امداد مہیا کرنے کے لئے بہاولپور اور نشتر برن یونٹ ملتان کا دورہ کیا اورعید کی نمازبہاولپور میں ادا کی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس نے جانفشانی کے ساتھ زخمیوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں اورسانحہ احمد پور شرقیہ کے تمام زخمیوں کی بہت بہتر طریقہ سے مینجمنٹ کی گئی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ جھلسنے والوں میں برن کی شرح 50 سے 100 فیصد تک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کو پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی بھر پور معاونت حاصل رہی۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پرویز الہی نے اپنے نام کی تختیاں لگانے کے سوا منصوبوں کے لئے کوئی فنڈز نہیں رکھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہی نے جتنے فنڈز مختص کئے اس میں 500 مہینوں میں ایک بھی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا تھا ۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے جتنا کام مسلم لیگ ن کے دور میں ہو ا اس کی صوبہ کی تاریخ میں مثال نہیں ملتیاور مسلم لیگ ن کی حکومت نے ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج بنوایا، نشتر میڈیکل یونیورسٹی بنائی، کڈنی سینٹر، طیب اردگان ہسپتال کی تعمیر، ریجنل بلڈ سینٹرز کا قیام، 410 بستروں کا سول ہسپتال بہاولپور، 150 بستروں کا کارڈیک یونٹ، رحیم یار خان میں برن یونٹ بنوایا۔

اس موقع پر جنح برن یونٹ کے انچارج پروفیسر معظم تارڑ نے کہا کہ ڈیزاسٹر کی صورت میں جھلسنے والوں کو ایمرجنسی میں برن یونٹ کی نہیں بلکہ جنرل سرجنز اور فرسٹ ایڈ کی ضرورت پڑتی ہے جسکے بعد زخمیوں کو برن یونٹس میں شفٹ کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ جناح برن سنٹر70 بستروں پر مشتمل اور مکمل طور پر فنکشنل ہے جہاں اب تک348 کٹے ہوئے ہاتھوں کی گرافٹنگ کرکے لوگوں کو معذوری سے بچایا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جناح برن یونٹ لاہو رکے علاوہ ملتان برن یونٹ ، بہاول وکٹوریہ ہسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ میں آگ سے جھلسنے والے زخمی زیر علاج ہیں جنہیں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات