فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے انصاف اور برابری کے کلچر کو رواج دینا ہوگا، ڈاکٹر جمال ناصر

موجودہ دور میں معاشی مشکلات نے ہماری اخلاقی اقدار کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ،شرجیل میر حکومت اور صاحب ثروت افرادکو اس حوالے سے اپنا کردارادا کرنا ہو گا،سینئر سیٹیزنز ،بے سہارا خواتین اور یتیم بچوںسے ملاقات میںگفتگو

بدھ 28 جون 2017 17:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) ایک فلاحی معاشرے کا قیام اُسی صورت ممکن ہے جب انصاف اور برابری کے سطح پر تمام شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی میئسر ہوںاور لاچار ،مجبور ،بے کس اورنادار افراد کی ضروریات کا احساس کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار معرو ف سیاسی، سماجی راہنما، صدارتی تمغہء حُسن کارکردگی ڈاکٹر جمال ناصر نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر کے ہمراہ سماجی بہبود کے مختلف اداروں میں مقیم افراد،خواتین ،یتیم و بے سہارا بچوں اور بچیوں میں عید الفطر پرعید گفٹ اور عیدی تقسیم کرنے کے موقع پران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عیدالفطر اجتماعی مسرت اور شادمانی کادن ہے،بحیثیت مسلمان ہمیں چاہئیے کہ ہم اپنی خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شریک کریں جو معاشی مجبوریوں کے باعث بے بسی کی زندگی بسرکر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں بڑھتی ہوئی سماجی اور معاشرتی خلیج لمحہ فکریہ اور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد کے لئے ایک چیلنج ہے اورعوام میں پائی جانیوالی بے چینی کودور کرنے کے متعلق سنجیدہ اقدامات اُٹھانابے حد ضروری ہوگیا ہے ۔

مہنگائی اور لوٹ مار کے اس دور میں غریب اور متوسط طبقے کے لئے عید کی خوشیاں منانامشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم و بے سہارا بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھنا بہت بڑے اجر و ثواب کا کام ہے، سرکاری اور نجی فلاحی اداروں میں قیام پذیر بچوں اور بچیوں کی سرپرستی ہم پر لازم ہے ،حکومت اور صاحب ثروت افرادکو اس حوالے سے اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔

شرجیل میر نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشی مشکلات نے ہماری اخلاقی اقدار کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ایسے میں اگر ہم حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی خیال رکھیں تویقینا ہم وطن عزیز کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔ڈاکٹر جمال ناصر نے شرجیل میر کے ہمراہ عید الفطرکا دن محکمہ سماجی بہبود حکومت پنجاب کے دارالعافیت میں مقیم معمر افراد ، نگہبان اور دارالفلاح میں مقیم بے سہارا خواتین اوربچوں، انجمن فیض الاسلام کے ’’اپنا گھر ‘‘میں مقیم یتیم بچوںاور دارالامان میں مقیم خواتین کے ساتھ گذارا۔

ا نہوں نے متعلقہ اداروں کے دورے کے موقع پر عید گفٹ اور عیدی بھی تقسیم کی اور عید کادن اُن لوگوں کے ساتھ گذارا جو عید کے پُر مسرت موقع پر اپنوں سے دور ہیں ۔

متعلقہ عنوان :