عید تعطیلات میں مری میں مربوط ٹریفک پلان پر عمل در آمد ،ْ پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکلزکا مری میں داخلہ بند

سیاحوں کوسڑک کنارے سیلفیاں بنانے کی اجازت بھی نہ دی گئی پہلے دن مری میں صبح 8 بجے سے رات 10بجے تک کل 10ہزار7سو 51 گاڑیاں داخل ہوئیں ،ْ 5 ہزار7سو61 گاڑیاں ایگزٹ ہوئیں

بدھ 28 جون 2017 17:20

مری /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) راولپنڈی پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت اورٹریفک پولیس کی معاونت کیلئے راولپنڈی پولیس کے 500افسران و ملازمان تعینات کیے تھے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس نے بھی اضافی وارڈن افسران کی تعیناتی کی تھی جنھوں نے عید تعطیلات میں ملکہ کوہسار مری میں مربوط ٹریفک پلان پر عمل در آمد کرایا اور ٹریفک روانی برقرا ر رکھی ۔

عیدالفطر کے موقع پر عام تعطیلات کی وجہ سے عوام الناس بڑی تعداد میں مری کا رخ کرتے ہیں جس کیلئے راولپنڈی پولیس نے ٹریفک پولیس کی معاونت کیلئے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے تھے ۔ راولپنڈی پولیس کے 500افسران و ملازمان اور لیڈیز پولیس نے ڈیوٹی سرانجام دی۔

(جاری ہے)

عید الفطر کے پہلے دن مری میں صبح 8 بجے سے رات 10بجے تک کل 10ہزار7سو 51 گاڑیاں داخل ہوئیں اور 5 ہزار7سو61 گاڑیاں ایگزٹ ہوئیں تا ہم کسی بھی جگہ ٹریفک روانی میں خلل نہیں آیا ۔

آر پی او راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ کی زیر نگرانی عید الفطر کے تینوں ایام میں مری میں سیاحوں کو ٹریفک سہولیات کی فراہمی اور سیکیورٹی کے پیش نظر اعلیٰ انتظامات کئے گئے جس پر سیاحوں نے ان اقدامات کو سراہا ۔مری میں ٹریفک اقدامات کے حوالے سے سی ٹی او یوسف علی شاہد ہمہ وقت رابطے میں رہے اور تمام اقدامات کا جائزہ لیا ۔سی ٹی او یوسف علی شاہد نے اے پی پی کو بتایاکہ عید کے موقع پر بارش اور پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکلزکا مری میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا جبکہ سیاحوں کو مخصوص مقامات کے علاوہ سڑک کنارے رک کر سیلفیاں بنانے کی اجازت بھی نہ دی گئی کہ ٹریفک روانی برقرار رہے ۔

انہوں نے بتایاکہ ان خصوصی اقدامات اور سیاحوں کے تعاون کی بدولت مری میں ٹریفک روانی مکمل برقرار رہی ۔

متعلقہ عنوان :