اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصرعزیز نے عید الفطر کی نماز اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی

نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ

بدھ 28 جون 2017 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصرعزیز نے عید الفطر کی نماز اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی ۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی طرف سے عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو سہولیات بہم پہنچانے کے لیے کیے جانے والے خصوصی انتظامات کے تحت مرکزی عید گاہوں کے علاوہ مساجد میں کی جانے والی صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے مختلف شعبوں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورہ کے موقع پر میئر اسلام آبا د و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ میئر اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد میں نمازعید کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 2000 ہزار سینٹری ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں جبکہ اسلام آباد شہر کو عید الفطرکی تعطیلات کے دوران پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے پانی کی سپلائی کی مقدار میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا جس کے لیے واٹر ٹینکر سروس سے پانی کی فراہمی کے لیے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر کے تین شفٹوں میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کومزید بتایا گیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے شعبہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا عملہ دن رات ڈیوٹی کے لیے موجود رہا ۔ عید کی تعطیلات کے دوران سینی ٹیشن کی ہیلپ لائن پر شہریوں سے شکایات موصول ہونے کے بعد فوری طور پر ان کا ازالہ کیا گیا تاکہ شہر میں عید کی چٹھیوں کے دوران بھی صفائی کو بہتربنایا جا سکے۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے دورہ کے موقع پر عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر دوسروں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ڈیوٹی کرنے والا عملہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے تمام متعلقہ شعبوں نے عید کی تعطیلات میں اپنی خوشیاں قربان کر کے شہریوں کی جو خدمت کی ہے اس نے ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت ہی میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کا نصب العین ہے۔

متعلقہ عنوان :