امسال گندم کی 20.2ملین ٹن پیداوار 70 سالہ تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے، سیکرٹری زراعت

بدھ 28 جون 2017 17:20

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ امسال گندم کی پیداوار 20.2ملین ٹن 70 سالہ تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے، سیکرٹری زراعت نے کام چور اور نکمے افسران کو خبردار کیا کہ 30 جون تک اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران اپنے بوریا بستر باندھ لیں۔ایک اجلاس کی صدارت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

کاشتکاروں کو نہری پانی اور ٹیو ب ویل کیلئے بجلی کی فراہمی کے سلسلہ میں درپیش مسائل کا فوراً ازالہ کیا جائے۔ کسان کارڈ کیلئے کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور مٹی کے نمونہ جات حاصل کرنے کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کو معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیسٹی سائیڈز ڈیلر کے کورس کے متعلق تحفظات دور کرنے کیلئے نیا سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جس میں پیسٹی سائیڈز ڈیلر شپ لائسنس کے حصول کیلئے کورس کے مندرجات محکمہ زراعت کی ویب سائٹ پر دے دئیے جائیں گے اور ڈیلر شپ حاصل کرنے والے امیدواروں سے دئیے گئے کورس کے مندرجات سے این ٹی ایس کے ذریعے امتحان لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امسال گندم کی ریکارڈ پیداوار 20.2ملین ٹن 70 سالہ تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے۔اس موقع پر انہوں نے افسران ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خود بھی ٹھیک کام کریں اور غلط کام کرنے والوں کو روکیں۔ آپ پوری ایمانداری اور دیانتدرای سے کاشتکار طبقہ کو سپورٹ کریں تاکہ اس کا معاشی سرکل بہتر انداز میں چل سکے۔ سرکاری فارم، گاڑیوں اور دفاتر کا اپنے ذاتی اثاثوں کی طرح خیال رکھیں۔

متعلقہ عنوان :