عید کی چھٹیوں کے موقع پر گوردوارہ سچا سودا میں خصوصی عبادات

ننکانہ صاحب سمیت پاکستان بھر سے یاتریوں کی حاضری،امن و سلامتی کے لیئے خصوصی دعائیں اور فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا

بدھ 28 جون 2017 17:11

شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) عید کی چھٹیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکھ نوجوانوں کی جانب گرودوارہ سچا سودا، منڈی چوڑکانہ فاروق آباد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکت کے لیئے ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے یاتریوں کی بڑی تعداد بھی پہنچی جبکہ لاہور نارووال اور دیگر علاقوں سے آنے والے یاتریوں کے علاوہ سندھ سے بھی یاتریوں نے حاضری دی اور عبادات میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز کے زیر نگرانی فری میڈیکل کیمپ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عبادات کا سلسلہ عید کے تینوں دن جاری رہا جبکہ اس موقع پر لنگر کا خصوص اہتمام کیا گیا۔گیانی گورداس سنگھ جی نے یاتریوں کو بتایا کہ گوردوارہ سچا سودا وہ تاریخی جگہ ہے جہاں سے سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی نے لنگر کی شروعات خدا کی عبادت میں مگن بھوکے لوگوں کو کھانا کھلا کر کی تھی۔

(جاری ہے)

جس کی پیروی آج دنیا بھر کے ہر گرودوارہ میں لنگر چلا کر کی جاتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کئے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پون سنگھ اروڑہ اور ڈاکٹر ممپال سنگھ نے بھی شرکت کی۔ اختتام میں ینگ سنگھ سیوا سوسائٹی کے عہدیداروں میں سروپے تقسیم کئے گئے اور پون سنگھ اروڑہ نے بہترین انتظامات اور خصوصی کاوش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکھوں کی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکمن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اقلیتیں یہاں محفوظ ہیں اور جب چاہیں اپنی مذہبی رسومات باقاعدگی سے ادا کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گرودوارہ سچا سودا میں کسی مذہبی دن یا یاترہ کے علاوہ خصوصی عبادت کے اہتمام پچھلے کئی سال سے نہ کئے گئے ہیں۔ سکھ سنگتوں نے اس کاوش کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :