ْعید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کرنے والے ملازمین قابل تعریف ہیں ‘پروفیسر غیاث النبی طیب

دکھی انسانیت کی خدمت اللہ کے نزدیک سب سے احسن عبادت ہے ‘ پرنسپل جنرل ہسپتال

بدھ 28 جون 2017 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء)پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر نے کہا کہ جن ملازمین نے عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کی بجائے ہسپتال میں مریضوں کی خدمت میں وقت گزارا ، انہیں اس دنیا میں ہی نہیں آخرت میں بھی اجر ملے گا- اس امر کا اظہار انہوںنے عیدالفطر کے ایام میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-انہوںنے کہا کہ عید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کرنے والے ملازمین قابل تعریف ہیں - دکھی انسانیت کی خدمت اللہ کے نزدیک سب سے احسن عبادت ہے - ایسے افراد نہ صرف دنیا میں باعزت مقام حاصل کرتے ہیں بلکہ ابدی دنیا میں بھی سرخرو ہوتے ہیں - اس موقع پر پروفیسر غیاث النبی طیب اور ڈاکٹر غلام صابر نے خصوصی ڈیوٹی دینے والے انتظامی ڈاکٹروں کے ہمراہ مریضوں کے بستر پر جا کر ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی- لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کے تمام سٹاف نے مریضوں کے علاج معالجے و دیکھ بھال کو اپنا مقصد حیات بنا رکھا ہی-انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں -انہوںنے سٹاف پر زور دیا کہ وہ خدمت کے اس جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے مریضوں کی تیمارداری جاری رکھیںاور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں تا کہ مریض صحت یابی پر ایک خوشگوار تاثر ساتھ لیکر جائے جس سے ادارے کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہو گا-