موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے ،کرنٹ لگنے سے بچی سمیت 6 افراد جاں بحق ،17زخمی

بنڈہ سربانہ میں کچا چھپر گرنے سے 2مزدورجاں بحق،14زخمی،دلوالہ میں کرنٹ لگنے سے 2بچے جاں بحق ،فیصل آباد میں چھت گرنے سے بچی ہلاک

بدھ 28 جون 2017 17:11

لاہور/شور کوٹ/چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے بچی سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ 17زخمی ہوگئے۔گزشتہ روزلاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش سے مختلف حادثات میں 5افراد جان کی بازی ہار گئے۔

شورکوٹ کے علاقہ بنڈہ سربانہ میں آموں کے باغ میں مزدور چھپر کے نیچے سوئے ہوئے تھے کہ بارش کی وجہ سے چھپر گرنے سے ملبے تلے دب گئے جس کے نتیجہ میں 2مزدور موقع پر جاں بحق اور14افراد شدید زخمی ہوگئے۔چنیوٹ کے علاقہ دلوالہ میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔فیصل آباد میں بھی بارش کے باعث چھت گرنے کے حادثے میں 5سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3افراد شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقہ فاضلیہ کالونی میں 13سالہ بچہ زمین پر گری بجلی کی تار سے چھو کر زندگی کی بازی ہار گیا ۔بتایا گیا ہے کہ 13سالہ راہول عاشق مین بازار سے گزر رہا تھا کہ زمین پر گری ہوئی بجلی کی تار سے چھو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ دوسری جانب صوبے کے لاہور سمیت بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگیں۔صوبائی دارلحکومت لاہور کی شاہرائوں پر بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ چوبرجی اسلامیہ پارک میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔