مودی کی منت سماجت پر امریکہ کے صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے تحریک آزادی کمزور نہیں ،مضبوط ہو گی‘ حافظ عبدالرحمن مکی

صلاح الدین دہشت گردنہیں بلکہ کشمیری قوم کے لیڈر اور ہیرو ہیں،امریکہ بھارتی خوشنودی کیلئے کشمیری لیڈروں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر رہا ہے‘ سربراہ جماعة الدعوة سیاسی امور کا شدید ردعمل

بدھ 28 جون 2017 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ بھارتی خوشنودی کیلئے کشمیری لیڈروں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر رہا ہے،حالیہ اعلان سے بھارت ، امریکہ گٹھ جوڑ صاف واضح ہو گیا اور یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ نہتے کشمیر یوں کی قتل و غارت گری کیلئے مودی سرکار کو ٹرمپ انتظامیہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے،سید صلاح الدین دہشت گردنہیں بلکہ کشمیری قوم کے لیڈر اور ہیرو ہیں،نریندر مودی کی منت سماجت پر امریکہ کی جانب سے انہیں دہشت گرد قرار دینے سے تحریک آزادی کمزور نہیں بلکہ اور زیادہ مضبوط ہو گی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج نے کشمیر میں بدترین قتل و غارت گری شروع کر رکھی ہے۔ روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید، ان کی املاک تباہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں لیکن امریکہ کو نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت اور کشمیریوں کے بہتے خون کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور محض اسلام و مسلمان دشمنی کی بنیاد پر کشمیر ی لیڈروں کو دہشت گرد قرار دیکر بھارتی زبان بولی جارہی ہے۔

حالیہ اعلان سے مودی سرکار کی طرح امریکہ کا دوہرا کردار بھی بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سید صلاح الدین جیسے لیڈروں کو دہشت گرد قرار دینے سے جدوجہد آزادی کشمیر مزید مضبوط ہو گی۔ کشمیری قوم دہشت گردی کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والی نہیں ہے۔ ماضی میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اب ہو گا۔

بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہونے تک کشمیری اپنی تحریک آزادی پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور قربانیوں و شہادتوں کے نتیجہ میں انڈیا کی آٹھ لاکھ فوج کو جلد جنت ارضی کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔عبدالرحمن مکی نے کہاکہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے والی شخصیات کے دہشت گرد ہونے کا اعلان کرنے والے بھارت و امریکہ خود دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیںجو مختلف خطوں و علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں۔

امریکہ کے سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے حقائق تبدیل نہیں کئے جاسکتے۔حقیقت یہ ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری قوم کی مضبوط جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں کشمیر ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر بھارت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کرنے والوں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر کے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن یہ سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو ں گی۔

انہوںنے کہاکہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قراردینے سے ثابت ہوگیا کہ غاصب بھارتی فوج کو امریکہ کی بھی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ اسی امریکہ نے کل تک ہزاروں مسلمانوں کے قاتل ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے ملک میں داخلہ پر پابندی لگا رکھی تھی لیکن آج اسی دہشت گردمودی کی امریکہ آمد سے چند گھنٹے قبل کشمیری لیڈر سید صلاح الدین کو دہشت گرد قراردیا گیا ہے۔ اس سے صاف واضح ہو تا ہے کہ امریکہ کی کوئی مستقل پالیسی نہیں ہے بلکہ وہ صرف اپنے مفادات کے حصول کیلئے ہندوانتہاپسند بی جے پی حکومت کی پشت پناہی کر رہا اور مظلوم کشمیریوں کے قتل عام اور ظلم وبربریت کی شہ دے رہا ہے۔