امریکی جنگلات میں آتشزدگی، 1500 افراد کاعلاقے سے انخلا، انسانی آبادیوں کیلئے خطرات میں اضافہ

بدھ 28 جون 2017 14:26

امریکی جنگلات میں آتشزدگی، 1500 افراد کاعلاقے سے انخلا، انسانی آبادیوں ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) امریکی ریاست یوٹاہ میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا،علاقے سے 1500افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ میں تقریبا 50 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلے جنگلات آگ کی لپیٹ میں ہیں اور ان کے شعلے ایک سو فٹ تک بلند ہو رہے ہیں۔محکمہ جنگلات کے عہدے داروں نے منگل کے روز بتایا کہ متاثرہ علاقے کے 15 سو زیادہ لوگوں کو اپنی جان بچانے کے لیے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانا پڑا۔

سالٹ لیک سٹی سے تقریبا 245 میل کے فاصلے پر واقع ایک تفریحی مقام برائن ہیڈ کے نزدیک لگنے والی آگ کے محض 10 فی صد حصے پر قابو پایا جا سکا ہے۔برائن ہیڈ فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ایلاین برگز نے بتایا کہ جنگل میں آگ 17 جون کو لگی تھی اور تیز ہواں کے باعث وہ گھنے جنگلوں میں تیزی سے پھیل گئی جس سے 10 سے زیادہ انسانی آبادیوں کے لیے خطرات پیدا ہو گئے۔

(جاری ہے)

برائن ہیڈ نے اپنی ویب سائٹ پر یہ نوٹس شائع کیا کہ علاقے کی تمام آبادی فوری طورپر محفوظ مقامات پر چلی جائے۔ نوٹس میں مزید یہ کہا گیا تھا کہ ہائی وے 143 کو بند کر دیا گیا ہے۔ریاست یوٹاہ کے محکمہ جنگلات کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ آگ نے ڈکسی کے قومی جنگلات کو جلا کر راکھ کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس کے کئی حصے بند کر دیے گئے ہیں۔ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ، اور شہری خدمات مہیا کرنے والے ادارے سڑکوں اور یوٹیلٹیز کو پہنچنے والے نقصانات اور مرمت کا تخمینہ لگا رہے ہیں تاکہ لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی سے قبل یہ کام کر لیا جائے۔

امریکہ کی کئی اور ریاستوں میں بھی جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ریاست ایری زونا میں 20 سے زیادہ مقامات پر جنگلی آگ کے باعث ہنگامی صورت حال کا اعلان کرنا پڑا۔جنوبی کیلی فورنیا میں بھی اتوار کے روز جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد سانتا کلاریٹا کے علاقے کے لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا او ہائی وے بند کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :