ہمیں باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینا ہو گا‘ سردار شیر علی گورچانی

بدھ 28 جون 2017 14:20

ہمیں باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ عید کے اس مبارک موقع پر ہمیں کم وسیلہ طبقات کی مدد کر کے اپنا مذہبی، قومی، سماجی اوراخلاقی فریضہ پورا کرنا چاہئے،ہمیں اپنے شہیدوں کو بھی دُعائوں میں ضرور یاد رکھنا چاہئے جن کا لہو قوم کی زندگی کی ضمانت بناہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عید الفطر اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کیلئے خاص انعام اور تحفہ ہے اور یہ دن مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے بعد محبت اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے اور مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔

قائمقام سپیکر سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ عیدکے دن ہم سانحہ احمد پور شرقیہ کے جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اوراس المناک واقعہ کے باعث ہر دل رنجیدہ اور ہر آنکھ نمناک ہے ۔

(جاری ہے)

ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اللہ تعالی سے دعا ہے کہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ہم حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ آج ہمیں ایثار و قربانی، اخوت و بھائی چارے اور رواداری کے پرچار کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عید کے پر مسرت موقع پر ہمیں غریبوں، یتیموں، بیوائوں اور بے سہارا افرا د کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ہمیں معاشرے کے نادار،بے سہارا اور مشکلات میں گھرے ہوئے افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرکے اپنا دینی، ملی اور قومی فریضہ ادا کرنا ہے۔