حیدرآباد میں عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے

عید کے پہلے اور دوسرے روز بھی حیدرآباد شہر اور لطیف آباد کے ایک درجن سے زائد مقامات پر بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف شہری سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین روک لی، انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ لوگوں نے اندھیروں میں عید کی خوشیاں منائیں

بدھ 28 جون 2017 14:18

حیدرآباد میں عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) حیدرآباد میں عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ عید کے پہلے اور دوسرے روز بھی حیدرآباد شہر اور لطیف آباد کے ایک درجن سے زائد مقامات پر بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین روک لی۔ انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔

لوگوں نے اندھیروں میں عید کی خوشیاں منائیں۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف ٹنڈو یوسف کے مکینوں نے ریلوے پھاٹک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران مشتعل مظاہرین نے کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین روک لی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے گھروں میں عید پر بھی لائٹ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم اندھیروں میں عید گزارنے پر مجبور ہیں۔

حیسکو حکام ہماری شکایات سننے کے لئے تیار نہیں۔ آمانی شاہ کالونی یونٹ نمبر 12 نزد شاندار باڈی باڈلنگ کے علاقے میں واپڈا کے تین ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث علاقہ مکینوں نے خدا حافظ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ روز ٹرانسفارمز جل گیا تھا۔ اطلاع دینے کے باوجود علامہ اقبال سب ڈویژن نے ٹرانسفارمز تبدیل یا مرمت نہیں کیا۔

لوگ شدید گرمی اور اندھیرے میں عید منانے پر مجبور ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹکی گھٹی، ساٹھی پاڑا، لیاقت کالونی، لطیف آباد کے علاقے شاہ نجف کالونی، کرسچن کالونی نمبر 5، حالی روڈ، تین نمبر تالاب، چوہان کانٹا سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر نذر آتش کرکے سڑک بلاک کردی اور حیسکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ حیسکو نے عید پر بھی ہمیں بجلی سے محروم کردیا۔ گزشتہ کئی روز سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری تھی کہ عید کے دوسرے روز بھی ہم بغیر بجلی کے عید منانے پر مجبور ہوئے۔