کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر نے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیئے

فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران گولہ بارود اور اسلحہ قبضے میں لے لیا،آئی ایس پی آر

بدھ 28 جون 2017 13:59

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر نے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2017ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل ای) کے کارندے عبدالرسول عرف استاد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کالعدم تنظیم کے یہ افراد بلوچستان کے علاقوں پسنی، کولانچ، دشت اور مند میں کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیم کے کارندے نے ساتھیوں سمیت گولہ بارود اوراسلحہ سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا جبکہ ایسا مثر انٹیلی جنس اور کامیاب سکیورٹی ٓپریشن کے سبب ممکن ہوسکا۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بی ایل اے کے کارندے کے ہتھیار ڈالنے کے بعد بلوچستان کے علاقوں میں امن اور استحکام کی حالت میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مفاہمتی عمل کا حصہ بنتے ہوئے ضلع خضدار میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 26 شرسندوں نے انتظامیہ کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے۔

اس سے قبل رواں سال اپریل میں بھی سیاسی مفاہمت کے طور پر بلوچستان کے 434 فراریوں نے وزیر اعلی، کمانڈر سدرن کمانڈ اور دیگر اعلی سرکاری حکام کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔گزشتہ دو سال کے دوران ایک ہزار 600 سے زائد شرپسند مسلح جدوجہد کا راستہ چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں،فراریوں اور باغیوں کے ساتھ سیاسی مفاہمت کا سلسلہ 2 برس قبل سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے شروع کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :