ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 14 سال بعد ملک سے باہر دبئی میں عیدالفطر کی نمازعید ادا کی

اپنے ملک میں عید منانا اور شہریوں سے ملنا بہت یاد آیا، پاکستان خصوصاً کراچی میں تمام سیاسی وغیر سیاسی دوستوں سے رابطے ہیں ، سابق گورنر سندھ

بدھ 28 جون 2017 13:58

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 14 سال بعد ملک سے باہر دبئی میں عیدالفطر کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 14 سال بعد ملک سے باہر دبئی میں عیدالفطر کی نمازعید ادا کی۔ اس موقع پر د بئی کی حکمران خاندان کی اہم شخصیات سمیت دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے بھی سابق گورنر سے ملاقات کی اور عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ قبل ازیں ڈاکٹر عشرت العباد خان کا گزشتہ 14 سال تک گورنر سندھ کے منصب پر فائز رہنے کے دوران باغ جناح میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد گورنر ہائوس میں شہر کی معروف شخصیات سمیت عام شہریوں سے ملاقات ان کا معمول تھا۔

دبئی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ان کا اپنے ملک میں عید منانا اور شہریوں سے ملنا بہت یاد آیا۔ تاہم ان کے پاکستان خصوصاً کراچی میں اپنے تمام سیاسی اور غیر سیاسی دوستوں سے ٹیلی فون پر رابطے ہیں اور انہوں نے سیاسی وغیر سیاسی دوستوں کو ٹیلی فون کے ذریعے عیدالفطر کی مبارکباد بھی دی ہے اور ان سے ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ انہیں پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعہ اور احمد پور شرقیہ کے افسوسناک سانحے پر شدید دکھ اور افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید چونکہ ایک مذہبی تہوار ہے تاہم بہاولپور، کوئٹہ اور پارہ چنار کے واقعات کے سبب یہ تہوار انتہائی دکھ کے ساتھ منایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بہاولپور، کوئٹہ اور پارہ چنار کے شہیدوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور یہ دکھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔