ْڈولفن فورس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 1 ڈاکو ہلاک، دوسرا تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

تعاقب کرنے پر اقبال روڈ شاد باغ کے قریب ڈاکوئوں نے ڈولفن سکواڈ پر فائرنگ کی ، جوابی فائرنگ میں ایک ہلاک ہوا دونوں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں،زخمی ڈاکو کی حالت بہتر ہونے کے بعد پوچھ گچھ کے دوران مزید حقائق سامنے آئیں گے‘ ایس پی فیصل شہزاد

بدھ 28 جون 2017 13:58

ْڈولفن فورس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 1 ڈاکو ہلاک، دوسرا تشویشناک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) شاد باغ اور بادامی باغ میں وارداتیں کرنے والا ایک ڈاکو ڈولفن فورس کی فائرنگ سے ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے ملزمان سے مال مسروقہ و اسلحہ برآمد کر لیا ۔ایس پی مجاہد فیصل شہزاد کے مطابق ڈولفن فورس کی نمبر تین ٹیم نے 15 کی کال پر ڈاکوئوں کا تعاقب کیا، اسی دوران اقبال روڈ شاد باغ کے قریب ڈاکوئوں نے ڈولفن سکواڈ پر فائرنگ کر دی۔

جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کو تشویشناک حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ڈاکوئوں کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، موبائل فونز، لاکھوں روپے اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ہے ۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ڈولفن فورس کی بار بار وارننگ کے باوجود ڈاکوئوں نے موٹر سائیکل نہیں روکی بلکہ اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت طوطی جبکہ اسکے زخمی ساتھی کی محمد علی کے نام سے شناخت ہوئی جو سابقہ ریکارڈ یافتہ بھی ہیں۔ پولیس نے ہلاک ڈاکو کی نعش میو ہسپتال کے مردہ خانے میں جمع کرادی ہے۔ ایس پی فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ زخمی ڈاکو کی حالت بہتر ہونے کے بعد پوچھ گچھ کے دوران مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :