پاکستان نے حزب المجاہدین سربراہ پر امریکی پابندیاں مسترد کردیں

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے،عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے، کشمیری 7 دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 28 جون 2017 13:48

پاکستان نے حزب المجاہدین سربراہ پر امریکی پابندیاں مسترد کردیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے،عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے، کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پٴْر عزم ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دینا ناانصافی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، انسانی حقوق کے اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں ان مظالم کو ریکارڈ کیا ہے، گزشتہ ایک سال میں بھارتی قابض افواج نے وادی میں مظالم میں اضافہ کیا، ہزارو ں معصوم کشمریوں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کردیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی فورسز نے خواتین کی آبرو ریزی، ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا، ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے گھروں کو تباہ کرنا، انہیں حبس بے جا میں رکھنا اور بنیادی حق سے محروم رکھنا قابض افواج کا معمول ہے۔ترجمان دفتر خارجہ بولے کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیری اپنے مقاصد کے حصول کیلئے پٴْرعزم ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔