وزیر اعظم نواز شریف کے بہاولپور پہنچنے کے بعد ان کو سانحہ احمد پور شرقیہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم کا سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے 20,20 لاکھ روپے اور حادثہ کے زخمیوں کو 10،10 لاکھ روپے دینے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان

بدھ 28 جون 2017 13:38

وزیر اعظم نواز شریف کے بہاولپور پہنچنے کے بعد ان کو سانحہ احمد پور شرقیہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2017ء) وزیر اعظم نواز شریف کے بہاولپور پہنچنے کے بعد ان کو سانحہ احمد پور شرقیہ ،بعد از سانحہ کئے جانے والے ریسکیو آپریشن اور حادثے میںزخمی ہونے والوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بہاولپور کے سرکٹ ہائوس میں کمشنر بہاولپور ثاقب ظفر نے وزیر اعظم نواز شریف کو سانحہ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ حادثہ صبح چھ بجکر 20 منٹ پر بہاولپور سے 45 کلومیٹر دور تحصیل احمد پور شرقیہ میں ہائی وے پر پیش آیا،کراچی سے بہاولپور جانے والے آئل ٹینکر میں 25000 لیٹر تیل تھا۔

عوام نے گرے ہوئے تیل کو اٹھانا شروع کردیا اور اس دوران آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹا اور وہاں موجود 265 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

سانحے میں140 سے زائد افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے۔کمشنر نے بتایا کہ حادثہ کے بعد شروع کئے جانے والا ریسکیو آپریشن کو پانچ گھنٹے میں مکمل کر لیا گیا تھا جس میں چار فوجی ہیلی کاپٹرز،1122کی 34 اور ایدھی کی 25 ایمبولنسز نے حصہ لیا۔

بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ ایسے واقعات کو مثال بناناچاہیے تاکہ آئندہ درست اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حادثے کے ذمے داروں کا تعین کیا جائیگا اور دیکھا جائیگا کہ ٹرک کا معیار کیسا تھا۔اس موقعے پر انہوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 20,20 لاکھ روپے اور حادثہ کے زخمیوں کو 10،10 لاکھ روپے دینے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو نوکریاں دینے کا بھی اعلان کیا اور ساتھ ہی سانحے میں جاں بحق افراد کیلئے دعا بھی کرائی۔

اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف دورہ لندن مختصر کرکے وطن پہنچ گئے۔ وطن واپسی پر وزیر اعظم بہاولپور سرکٹ ہاوس پہنچے جہاں سے انہوں نے احمد پور شرقیہ میں حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور حادثے کی تحقیقات کرانیکا فیصلہ بھی کیا۔