عیدالفطر کے موقع پر سکھر میں نماز عیدالفطر کے 739 اجتماعات منعقد ہوئے، عیدالفطر مذہبی جوش وخروش سے منائی گئی

بدھ 28 جون 2017 12:00

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) عیدالفطر کے موقع پر سکھر میں نماز عیدالفطر کے 739 اجتماعات منعقد ہوئے، عیدالفطر مذہبی جوش وخروش سے منائی گئی۔ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی پیر کے روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ عیدالفطر کے موقع پر عید گاہ، مساجد، امام بارگاہ، جناح میونسپل اسٹیڈیم، ریلوے گراؤنڈ، لب مہران، سرکٹ ہاؤس گراؤنڈ، پبلک اسکول روڈ، مرکزی جامع مسجد، مرکزی امام بارگاہ سمیت درجنوں مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے 739 اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں سے 151 سکھر ، 116گھوٹکی اور 462 خیرپور میں ہوئے ۔

سکھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی گلشن عید گاہ سکھر میں منعقد ہوا جہاں مولانا محمد اسعد تھانوی کی زیر امامت شہر کے ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، سینیٹر اسلام الدین شیخ،میئر سکھر میونسپل کارپوریشن ارسلام اسلام شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے نماز عید ادا کی۔

علاوہ ازیں نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباء نے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پر تمام باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کا احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔ نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، اسلام کی سربلندی، دہشتگردی اور ملک دشمن عناصر کے خاتمہ، بہاولپور احمد پور شرقیہ میں المناک واقعہ میںجانبحق ہونیوالے افراد اور کراچی ، پارا چنار ،کوئٹہ سمیت دیگر مقاما ت پر ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونیوالے افرادکی مغفرت اور عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پولیس کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔