سندھ اور پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

مختلف مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی‘بارش کا سلسلہ آئندہ 2روز تک جاری رہے گا‘محکمہ موسمیات

بدھ 28 جون 2017 12:00

لاہور/ راولپنڈی/سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2017ء) سندھ اور پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،مختلف مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت نے گرمی کا زور توڑ دیاتو دوسری طرف مختلف مقامات پر بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی،بارش کے بعد کئی اضلاع میں بجلی کے فیڈرزبھی ٹرپ کرگئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 10روز سے شدید گرمی کی لہر کو مختصر دورانیے کی بارش نے عوام کیلئے سکون کا باعث بنا دیا،ابر رحمت برسنے کی دیر تھی کہ گرمی کے ستائے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔عید کی خوشیاں منانے کیلئے تفریحی گاہوں کا رخ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں میں سیر کا مزا ہی کچھ اور ہے۔ گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ،ہلکی بارش کا سلسلہ آئندہ 2روز تک جاری رہے گا۔