قومی تھرو بال چمپئن شپ آئندہ ماہ کھیلی جائے گی

بدھ 28 جون 2017 11:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء)پاکستان تھروبال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی تھروبال چمپئن شپ آئندہ ماہ17 سے 21 جولائی تک کالام میں کھیلی جائے گی،پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاری زور و شور پر ہیں، چمپئن شپ میں ملک بھر گیارہ ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں پنجاب،سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد ، فاٹا، کیلگن کراچی،پاکستان واپڈا اور پاکستان پولیس شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر سپورٹس خیبرپختونخوا محمود خان مہمان خصوصی ہونگے جو چمپئن شپ کا افتتاح کریں گے، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی میٹنگ16 جولائی کو شام چاربجے ہوگی جس میں چمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور اس کے علاوہ ڈراز کا اعلان بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اسی دوران ریفریز اور کوچنگ کورس بھی منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے سو سے زائد کوچز اور ریفریز شرکت کریں گے، ارشد حسین ، رشید گل، امہ لیلیٰ اور مقبول آرائیں کورس میں شرکاء کو لیکچرز دیں گے۔