ملک بھر کی طرح کراچی میں عیدالفطر انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ملک کی ترقی، خوشحالی، سانحہ احمد پور شرقیہ، پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں جاں بحق افراد کی بخشش ومغفرت کی دعائیں کراچی سمیت کوئٹہ، پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعات مذموم سازش ہے ،ْ گور نر سندھ

بدھ 28 جون 2017 11:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں عیدالفطر انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ عیدالفطر کے موقع پر شہر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سانحہ احمد پور شرقیہ، پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں جاں بحق افراد کی بخشش ومغفرت کی دعائیں کی گئیں۔ نماز عید سے قبل مختلف دارالعلوم اور فلاحی اداروں کی جانب سے مساجد اور عید گاہوں کے باہر لگائے جانے والے اسٹالوں پر جا کر لوگوں نے فطرانہ کی رقم بھی ادا کی اس موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں نے بھی فرائض انجام دیئے۔

نماز عید کے بڑے اجتماعات پولو گرائونڈ، نشتر پارک، میمن مسجد، بنوری ٹائون، دارالعلوم کورنگی، دعوت اسلامی کا مرکز فیضان مدینہ، چائنا گرائونڈ، جامع مسجد رحمانیہ، کوکن گرائونڈ بہادر آباد، شاہ خراساں، امام بارگاہ ایرانیاں حسینیاں کھارادر، امام بارگاہ انچولی اور شہر کے دیگر مقامات پر منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گرائونڈ میں ہوا جہاں گورنر سندھ محمد زبیر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، کاروباری و تجارتی شخصیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے نماز عید ادا کی۔

نماز عید کے بعد گورنر سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں فرائض کی ادائیگی کے بعد عید خوشیوں کا موقع ہے، لیکن ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور آئل ٹینکر حادثے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے تناظر میں عید سادگی کے ساتھ منانی چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے ملک بھر میں ماہ رمضان بہت اچھا گذرا اور گزشتہ چند سالوں میں کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں سے دہشت گردی کے واقعات میں 90 فیصد تک کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے نتیجے میں ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں کا امکان موجود تھا، کراچی سمیت کوئٹہ، پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعات مذموم سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن جیسے جیسے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوتا جائے گا دہشت گردی کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوتی جائے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ امن و امان کے حوالے سے سال 2013-14ء کے مقابلے میں پاکستان اب ایک مختلف پاکستان ہے اور یہ چند عناصر رہ گئے ہیں جن کا خاتمہ بھی جلد ہو جائے گا۔

مزید براں نماز عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے بغل گیر ہو کر مبارکبادیں دیں۔عید کا مزہ دوبالا کرنے کے لئے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ بچوں کی تفریح کے لئے مختلف مقامات پر میلے اور عید فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا ہے جہاں پر جھولوں اور دیگر تفریح سامان کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :