ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہرراولپنڈی میں عید الفطر انتہائی احترام کے ساتھ منائی گئی

اسلام آباد میں سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا ،ْ صدر مملکت ممنون حسین نے بھی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی عیدالفطر کی ادائیگی کے موقع پر داخلی و خارجی راستوں اور مختلف چوک چوراہوں اور عیدگاہوں اور تجارتی مراکز کے گرد و نواح سکیورٹی انتہائی چوکس تھی پولیس ، رینجرز، فالکن، سپیشل سکواڈ کے دستے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے

بدھ 28 جون 2017 11:51

اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہرراولپنڈی میں عید الفطر انتہائی احترام کے ساتھ منائی گئی ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 500 سے زائد جامعہ مساجد اور امام بارگاہوں میں عیدالفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، صدر مملکت ممنون حسین نے بھی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔

عیدالفطر کی نماز کیلئے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں کی جامعہ مساجد اور امام بارگاہوں میں صبح ساڑھے 6 بجے سے ساڑھے 7 بجی کے دوران کے مختلف اوقات مقرر کئے گئے تھے۔ عیدالفطر کی ادائیگی کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف چوک چوراہوں اور عیدگاہوں اور تجارتی مراکز کے گرد و نواح سکیورٹی انتہائی چوکس تھی۔

(جاری ہے)

پولیس ، رینجرز، فالکن، سپیشل سکواڈ کے دستے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔

تقریباً 2 ہزار سے زائد پلویس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھی جو نماز عید کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی پر مامور دکھائی دیئے۔ پولیس لائن آئی الیون میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جہاں آئی جی، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز، لیگل و دیگر پولیس افسران نے پولیس عملہ کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ا فسران اور اہلکاروں کیلئے اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پولیس نے پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔ فیصل مسجد سمیت دیگر بڑے عید اجتماعات سے کچھ فاصلے پر پارکنگ کے انتظامات کئے گئے تھے تاکہ ٹریفک کی سہل روانی کے علاوہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ ادھر ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جو ش وجذبے سے منائی گئی ۔

دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا جن میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پرزور دیا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ا س موقع پر تمام سرکاری و نجی عمارات اور تجارتی مراکز کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔عید الفطر کے موقع پر بیشتر کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہو ئے۔ راولپنڈی میں عید کے بڑے اجتماعات عید گاہ شریف ،لیاقت باغ ،مرکزی عید گاہ گوالمنڈی ،سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ ،میونسپل سٹیڈیم ،صادق آباد ،مدنی مسجد ،خیابان سرسید ،ریلوے گرائونڈ ڈھوک حسو،جامعہ اسلامیہ صدر ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال اور علی مسجد سیٹیلائٹ ٹائون میں منعقد ہوئے ۔

لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کیلئے جمع ہوئے ۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء اور خطیب حضرات نے خصوصی خطبات دیئے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دن کی اہمیت کو بیان کیاجبکہ ملک وملت کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور فلسطینی مسلمانوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے بھی دعا کی گئی ۔

نماز عید کے بعد شہریوں نے اپنا وقت دوست احباب ،عزیزوں کے ساتھ گذارا اور مستحقین کی مدد کی ۔عید کے پر مسرت موقع پر مہمانوں کو پیش کرنے کے لیے سویاں اور دیگر میٹھی ڈشز کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ لوگوں نے اس موقع پر تحائف کا تبادلہ بھی کیا ۔عیدالفطر کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں 873مساجد50 امام بارگاہ اور63کھلے مقامات پر نمازعید ادا کی گئی ۔

چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے 3800سے زائد افسران وملازمان نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ عیدالفطر پر پولیس فورس کے علاوہ ایلیٹ فورس، گھڑ سوار پولیس، موٹر سائیکل سوار ،کوئیک ریسپانس فورس، رضاکاراور لیڈیز پولیس نے بھی ڈیوٹی سر انجام دی ۔ اس کے علاوہ فٹ پٹرولنگ بھی جاری رہی ۔تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سوار پولیس نے عیدالفطرکے موقع پر اپنے اپنے علاقہ جات میںگشت کی ڈیوٹی سرانجام دی۔

عیدالفطر کے اجتماعات میںمساجداور کھلے مقامات پر داخلے کے لئے ایک ہی راستہ کی استعمال کی اجازت تھی اور تمام شرکاء کی باڈی سرچ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لینے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ۔ ضلع راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوںپر خصوصی پکٹس لگائی گئیں۔علاوہ ازیں عید کے موقع پر پبلک پارکس میں خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے اور ان مقامات پر کار چوری ،جیب تراشی اور ہلڑ بازی کے انسداد کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کیے گئے۔