عامر خان کی دنگل بولی وڈ کی پہلی 2 ہزار کروڑ انڈین روپے کمانے والی پہلی فلم بن گئی

یہ بالی وڈ تاریخ کی پہلی فلم ہے جس نے دنیا بھر سے 2000 کروڑ روپے کمائے ہیں ،ْبھارتی میڈیا فلم دنگل کی کہانی مہا ویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر بنائی تھی ،ْ عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا

بدھ 28 جون 2017 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2017ء) مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی دنگل بولی وڈ کی پہلی 2 ہزار کروڑ انڈین روپے (32 ارب سے زائد پاکستانی روپی) کمانے والی پہلی فلم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے ان کی فلم دنگل نے پہلی ایسی بولی وڈ فلم (باہو بلی بنیادی طور پر تیلگو زبان کی فلم ہی) بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جس نے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیامگر اب اس نے دو ہزار کروڑ کمانے کا سنگ میل بھی طے کرلیا ۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ بالی وڈ تاریخ کی پہلی فلم ہے جس نے دنیا بھر سے 2000 کروڑ روپے کمائے ہیں اور اس کا سہرہ چین کے سر جاتا ہے۔بھارت سمیت دیگر ممالک میں 755 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی اس فلم نے چین میں 1200 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر یہ فلم 300 ملین ڈالرز سے زیادہ بزنس کرچکی ہے اور پہلی بولی وڈ فلم جبکہ پانچویں نان انگلش فلم ہے جس نے یہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اسی طرح یہ 2017 میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمانے والی اسپورٹس فلم بھی بن چکی ہے۔یہ فلم چین میں بزنس کے لحاظ سے کیپٹین امریکا سول وار، ٹرپل ایکس: ریٹرن آف زینڈر کیج، ٹرانسفارمرز : ڈارک آف دی مون، ٹائیٹینک تھری ڈی اور جنگل بک کو شکست دے چکی ہے۔یہ فلم گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز کی گئی تھی تاہم چین میں اسے پانچ مئی کو پیش کیا گیا۔عامر خان سال میں صرف ایک فلم کرنے کے عادی ہیں تاہم دنگل ان کی دو سال بعد ریلیز ہونے والی پہلی فلم تھی جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔

فلم دنگل کی کہانی مہا ویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر بنائی تھی جس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔فلم کی ہدایات نتیش تیواری نے دیں اور کاسٹ میں شاکشی تنور، فاطمہ ثناء شیخ اور ثانیہ ملہوترا قابل ذکر تھے۔

متعلقہ عنوان :