بہاولپور میں پیش آنے والے سانحہ احمد پور شرقیہ کے ناقابل شناخت 129افراد کی میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی

منگل 27 جون 2017 23:50

بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2017ء) بہاولپور میں پیش آنے والے سانحہ احمد پور شرقیہ کے ناقابل شناخت 129افراد کی میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی‘ نماز جنازہ کے بعد میتوں کی مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی جبکہ قابل شناخت 28 افراد کی لاشیں تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ نماز جنازہ میں مملکتی وزیر انجنیئر بلیغ الرحمان‘ ارکان اسمبلی‘ کمشنر و ڈپٹی کمشنر بہاولپور سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں موجود ناقابل شناخت 129 میتوں کو ٹرکوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے بستی رمضان جوئیہ لایا گیا۔ نماز جنازہ کے بعد تمام میتوں کو بستی نظیر آباد کے قبرستان لایا گیا اور لحد میں اتاردیا گیا،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ناقابل شناخت میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے، جس کے تحت ہر تابوت پر ڈی این اے ٹیسٹ نمونے کے مطابق نمبرز لگائے اور انہی نمبروں کے تحت قبریں بنائی گئیں تاکہ رپورٹ آنے کے بعد ان نمبروں سے لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کو شناخت کرسکیں۔