Live Updates

سانحہ احمد پورشرقیہ نے عید کارنگ پھیکا کردیا،نماز عید کے اجتماعات میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے خصوصی دعائیں

پیر 26 جون 2017 18:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) سانحہ احمد پورشرقیہ کی وجہ سے ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائی گئی۔ملتان میں عیدالفطر کے اجتماعات تمام بڑی عیدگاہوں،مساجد،امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقددہوئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔عید کے اجتماعات میں شرکاء نے احمد پورشرقیہ کے سانحہ اور پارا چنار دہشت گردی میں شہیدہونیوالوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علما ء کرام نے کہاکہ ہم اس وقت آزمائش کی گھڑی سے گزررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عید بے شک ایک خوشی کالمحہ ہے لیکن جب ہم ان خاندانوں کو سوچتے ہیں جن کے پیارے ان واقعات میں لقمہ اجل بن گئے توہماری خوشی کار نگ پھیکا پڑ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ضلع ملتان میں 926مقامات پر عید الفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں 167کو حساس قراردیاگیا ۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کے دوہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ملتان شہرمیں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع شاہی عید گاہ خانیوال روڈ پر منعقد ہوا۔اس کے علاوہ عیدگاہ ملتان کینٹ،جامعہ خیرالمدارس،جامعہ انوارالعلوم،جامع مسجد دربار بہائوالدین زکریا،جامع مسجد دربارشاہ رکن عالم،جامع مسجد دربارموسی پاک شہید،جامع قاسم العلوم،امام بارگاہ شاہ گردیز،حیدریہ مسجد گلگشت کالونی اور دیگر مقامات بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے دربارموسیٰ پاک شہید ،سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے شاہی عیدگاہ خانیوال روڈ،شاہ محمود قریشی نے دربار بہائوالدین زکریا،سابق صوبائی وزیر عبدالوحید ارائیں اور میئر ملتان نوید الحق ارائیں نے جامع مسجد الحق مخدوم رشید میں نماز عید ادا کی۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :