کراچی میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

گورنر سندھ محمد زبیر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے نماز عید پولو گرائونڈ میں ادا کی

پیر 26 جون 2017 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ گورنر سندھ محمد زبیر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، کاروباری و تجارتی شخصیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے نماز عید پولو گرائونڈ میں ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک میں امن و امان، خوشحالی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

عید الفطر کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید کے بعد گورنر سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں فرائض کی ادائیگی کے بعد عید خوشیوں کا موقع ہے، لیکن ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور آئل ٹینکر حادثے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے تناظر میں عید سادگی کے ساتھ منانی چاہئے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے ملک بھر میں ماہ رمضان بہت اچھا گذرا اور گزشتہ چند سالوں میں کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں سے دہشت گردی کے واقعات میں 90 فیصد تک کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے نتیجے میں ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں کا امکان موجود تھا، کراچی سمیت کوئٹہ، پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعات مذموم سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن جیسے جیسے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوتا جائے گا دہشت گردی کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوتی جائے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ امن و امان کے حوالے سے سال 2013-14ء کے مقابلے میں پاکستان اب ایک مختلف پاکستان ہے اور یہ چند عناصر رہ گئے ہیں جن کا خاتمہ بھی جلد ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :