عید الفطر کے موقع پرشہریوں کی اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی

فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ،اگر بتیاں جلائیں اور گلاب کی تازہ پتیاں نچھاور کیں

پیر 26 جون 2017 17:30

راولپنڈی۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) عید الفطر کے موقع پرشہریوں کی بڑی تعداد فاتحہ خوانی کے لیے اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر گئی جہاں فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ،اگر بتیاں جلائیں اور گلاب کی تازہ پتیاں نچھاور کیں ۔شہر کے مختلف بڑے قبرستانوں پیرودھائی قبرستان،عیدگاہ قبرستان،جدید قبرستان کمیٹی چوک،بابا گوہر علی شاہ قبرستان دھمیال روڈ سمیت دیگر قبرستانوں میں مرد و خواتین کا بھرپوررش رہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارکنگ کے ناکافی انتظامات کے باعث پیرودھائی قبرستان اور عیدگاہ قبرستان کے باہر ٹریفک کا رش رہا ۔قبرستانوں کو جانے والی سڑکوں پر جگہ جگہ پھولوں کے عارضی اسٹالز لگائے گئے تھے تاکہ اپنے پیاروں کی یاد میں قبرستان میں جاکر قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھانے کے خواہاں حضرات یہاں سے خریداری کر سکیں ۔ پھول فروشوں نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور پھولوں کے ہاروں اور پتیوں کی قمیتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ۔شہریوں نے اس بارے میں شکایت بھی کی تاہم پھول فروشوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کمائی کا سال میں ایک دن ہی تو آتا ہے۔

متعلقہ عنوان :