راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جو ش وجذبے سے منائی گئی

عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کے اتحاد اور ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں راولپنڈی میں 873مساجد،50 امام بارگاہ اور63کھلے مقامات پر نمازعید ادا کی گئی عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے 3800سے زائد افسران وملازمان نے ڈیوٹی سرانجام دی

پیر 26 جون 2017 17:30

راولپنڈی۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جو ش وجذبے سے منائی گئی ۔دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا جن میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پرزور دیا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ا س موقع پر تمام سرکاری و نجی عمارات اور تجارتی مراکز کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔

عید الفطر کے موقع پر بیشتر کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہو ئے۔ راولپنڈی میں عید کے بڑے اجتماعات عید گاہ شریف ،لیاقت باغ ،مرکزی عید گاہ گوالمنڈی ،سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ ،میونسپل سٹیڈیم ،صادق آباد ،مدنی مسجد ،خیابان سرسید ،ریلوے گرائونڈ ڈھوک حسو،جامعہ اسلامیہ صدر ،گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال اور علی مسجد سیٹیلائٹ ٹائون میں منعقد ہوئے ۔

(جاری ہے)

لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے ۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء اور خطیب حضرات نے خصوصی خطبات دیئے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دن کی اہمیت کو بیان کیاجبکہ ملک وملت کی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور فلسطینی مسلمانوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے بھی دعا کی گئی ۔

نماز عید کے بعد شہریوں نے اپنا وقت دوست احباب ،عزیزوں کے ساتھ گذارا اور مستحقین کی مدد کی ۔عید کے پر مسرت موقع پر مہمانوں کو پیش کرنے کے لیے سویاں اور دیگر میٹھی ڈشز کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ لوگوں نے اس موقع پر تحائف کا تبادلہ بھی کیا ۔عیدالفطر کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں 873مساجد50 امام بارگاہ اور63کھلے مقامات پر نمازعید ادا کی گئی ۔

چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے 3800سے زائد افسران وملازمان نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ عیدالفطر پر پولیس فورس کے علاوہ ایلیٹ فورس، گھڑ سوار پولیس، موٹر سائیکل سوار ،کوئیک ریسپانس فورس، رضاکاراور لیڈیز پولیس نے بھی ڈیوٹی سر انجام دی ۔ اس کے علاوہ فٹ پٹرولنگ بھی جاری رہی ۔تھانوں کی موبائلز اور موٹر سائیکل سوار پولیس نے عیدالفطرکے موقع پر اپنے اپنے علاقہ جات میںگشت کی ڈیوٹی سرانجام دی۔

عیدالفطر کے اجتماعات میںمساجداور کھلے مقامات پر داخلے کے لئے ایک ہی راستہ کی استعمال کی اجازت تھی اور تمام شرکاء کی باڈی سرچ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لینے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ۔ ضلع راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوںپر خصوصی پکٹس لگائی گئیں۔علاوہ ازیں عید کے موقع پر پبلک پارکس میں خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے اور ان مقامات پر کار چوری ،جیب تراشی اور ہلڑ بازی کے انسداد کیلئیموثر حفاظتی انتظامات کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :