پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ،احمد پور شرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی،نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور نشتر ہسپتال کے برن سینٹر کے انچارج نے زخمیوں کے علاج معالجہ کے بارے میں آگاہ کیا،آرمی چیف نے سول انتظامیہ کو پاک فوج کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا

پیر 26 جون 2017 16:50

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو نشتر ہسپتال ملتان میں احمد پور شرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور نشتر ہسپتال کے برن سینٹر کے انچارج نے زخمیوں کے علاج معالجہ کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوسناک واقعہ کے بعد سول انتظامیہ، موٹروے پنجاب پولیس، علاقہ کے عوام اور ہسپتال کے عملہ کے فوری ردعمل اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بحران سے نمٹنا مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور پاک فوج سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔ انہوں نے متاثرین کا بہترین طریقہ سے خیال رکھنے کے سلسلہ میں سول انتظامیہ کو پاک فوج کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عوامی شعور بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔