وزیراعظم نواز شریف کا آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے نوکریوں کا اعلان

حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے، قومی سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعظم نواز شریف

پیر 26 جون 2017 14:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے نوکریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ زخمیوں کا بلند حوصلہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی انھوں نے اعلان کیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں بھی دی جائیں گی جبکہ حکومت غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات بھی کر رہی ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیئے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعہ کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔