لاہور میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا‘ ایک لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے نمازادا کی

عیدالفطر اتحاد‘ اخوت و محبت اور یگانگت کا پیغام دیتی ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

پیر 26 جون 2017 14:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع ہوا جس میں ایک لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی امامت میں نماز عید ادا کی‘ بادشاہی مسجد کا وسیع و عریض صحن بھر جانے سے لوگوں نے نماز عید بادشاہی مسجد کی سیڑھیوں‘ حضوری باغ اور مسجد کے باہر گرائونڈ میں چادریں اور جائے نماز بچھا کر ادا کی، خطبہ عید الفطر خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے ولولہ انگیز انداز میں دیا، قبل ازیں عید کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ عیدالفطر درحقیقت آپس میں اتحاد‘ اخوت و محبت اور یگانگت کا پیغام دیتی ہے اور غریبوں‘ یتیموں‘ مسکینوں و بے سہارا لوگوں میں خوشیاں بانٹنے کا نام ہے‘غرباء کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا سنت رسولؐ ہے اور اس طرح غریبوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کئے بغیر عید کے حقیقی تقاضے پورے نہ ہوں گے، خطیب بادشاہی مسجد نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ متحد ہو کر ہی تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہے‘ آج پوری دنیا میں مسلمان عدم اتفاق کی وجہ سے مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں جس کا حل صرف اور صرف امت وحدہ بننے میں ہی ہے‘ عالم اسلام تمام تر اختلافات بھلا کر آپس میں متحد ہو جائیں‘ شام‘ عراق‘ برما اور فلسطین میں اور دیگر جگہوں پر معصوم مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے‘ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عالمی ادارہ امن یو این او اور او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کا فی الفور نوٹس لیں اور معصوم لوگوں کا قتل عام فی الفور بند کرائیں۔

متعلقہ عنوان :