وزیراعظم محمد نوازشریف کی بہاول وکٹوریہ ہسپتال آمد،آئل ٹینکر حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی اورامدادی چیک تقسیم کئے

وزیر اعظم کی زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت آپ کو اپنے درمیان دیکھ کر بہت تسلی ہوئی‘احمد پورشرقیہ حادثہ کے زخمیوں کی وزیراعظم نوازشریف سے بات چیت

پیر 26 جون 2017 14:00

بہاولپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے عید کے روز بہاولپور کے دورہ کے موقع پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں آئل ٹینکرحادثے کے زخمیوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

زخمیوں نے وزیراعظم کو اپنے درمیان دیکھ کر اطمینان کا اظہارکیا اوروزیراعظم نوازشریف کومخاطب ہو کر کہا کہ ہمیں آپ کو اپنے درمیان دیکھ کر بہت تسلی ہوئی ہے،جب وزیراعظم نے ان سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیاتوانہوں نے طبی سہولتوں اور عملے کی تعریف کی اور کہاکہ ڈاکٹرز اور دوسرا عملہ ہماری بہت اچھے طریقے سے دیکھ بھال کررہے ہیں۔

وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہارکیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کئے۔واضح رہے کہ اتوار کے روز احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکر آتشزدگی کے سانحے میں 140افراد جاں بحق اور 125زخمی ہوگئے تھے۔اس حادثے کے 33زخمی بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔