حکومت کا آئی ٹی کے فروغ کیلئے کوریا کے تعاون سے اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سافٹ ویئر پارک قائم کرنے کا فیصلہ

اتوار 25 جون 2017 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے کوریا کی حکومت کے تعاون سے 6 ارب روپے کی لاگت سے ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی سافٹ ویئر پارک اسلام آباد میں قائم کرے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس ضمن میں حکومت اعلی تعلیم کے شعبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید معیارات سے لیس کر کے ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ان اقدامات میں مختلف یونیورسٹیوں میں سمارٹ کیمپسز کا قیام اور انہیں مضبوط انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر سے لیس بنانا شامل ہے تاکہ ملک بھر کے 50 شہروں کو آئی ٹی سے مربوط کیا جا سکے۔ حکومت نے ملک بھر کے دور افتادہ علاقوں میں ڈیجیٹل رسائی کو وسعت دینے کیلئے تھری جی سروسز کی فراہمی کے منصوبے کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپورٹ ہائوسز اور کمپنیوں کو پاکستان میں فارن ایکسچینج اکائونٹ ان کھاتوں میں ترسیلات زر جمع کرانے کی شرط پر کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ سمارٹ فونز پر درآمدی اور کسٹم ڈیوٹی بھی کم کی جائے گی تاکہ ان جدید ڈیوائسز کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :