عید الفطر کا دن تمام مسلمانوں کیلئے خوشیوں کا پیغام لیکر آتا ہے، اس دن اللہ تعالیٰ اپنے متقی اور عبادت گذار بندوں سے خوش ہوکر ان کی تمام دعائیں قبول فرماتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

اتوار 25 جون 2017 22:20

کوئٹہ۔25جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تمام اہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عبادت میں امن استحکام کیلئے ہماری پرخلوص کاوشوں، محنت اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الفطر ، رمضان المبارک کے بعد اپنے پرہیز گار اور نیک بندوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک انعام ہے جو پورے ماہ تزکیہ نفس کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کیلئے روزے رکھتے اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید الفطر کا دن تمام مسلمانوں کیلئے خوشیوں کا پیغام لیکر آتا ہے اور اس دن اللہ تعالیٰ اپنے متقی اور عبادت گذار بندوں سے خوش ہوکر ان کی تمام دعائیں قبول فرماتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا تقاضہ بھی کرتا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں میں ان افراد کو بھی شریک کریں جو یہ دن منانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور اسلام مخالف قوتیں فتنہ و فساد اور شرپسندی کے ذریعہ امت مسلمہ میں نفاق اور انتشار پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور رمضان المبارک کے دوران بھی شرپسندوں اور دہشتگردوں نے بے گناہ مسلمانوں کا خون بہاکر ثابت کیا کہ وہ طاغوتی طاقتوں اور اسلام دشمنوں کے پیروکار ہیں لیکن ان کا دین اسلام سے دور دور تک کا واسطہ نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے گروہی اور فروعی اختلافات کو بھلاکر اسلام دشمن عناصر کے مقابلے میں اتحاد واتفاق کیساتھ ایک ہوجائیں اور انتہا پسندی ، شرانگیزی اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ان سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہمیں اپنے ان شہریوں پر فخر ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور امن استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :