چیمپئن ٹرافی جیت کر شعیب ملک آبائی شہر پہنچ گئے

اتوار 25 جون 2017 22:10

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء)برطانیہ میں منعقدہ چیمپئن ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو عبرت ناک شکست سے ہمکنار کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی شعیب ملک اپنے آبائی شہر سیالکوٹ پہنچ گئے۔سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر سرخ قالین بچھا کر پھولوں کے ہار وں اور پتیوں سے ان کاوالہانہ استقبال کیا گیا۔

سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان، قائمقام ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ ، اسسٹنٹ کمشنر توقیر الیاس چیمہ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر امتیاز احمدخان اور ڈائریکٹر سیال سید ذوالفقار بخاری نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر منیجر ایئرپورٹ اذکار الحق، منیجر ایڈمن نواز احمد طور اور منیجر میڈیا سیال عبدالشکور مرزا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اپنے قومی ہیرو کھلاڑیوں کا تاریخی استقبال کر انہیں جو دلی خوشی ہو رہی ہے اس کا الفاظ میں اظہار نہیں کر سکتے۔کھلاڑیوں قومی جذبے سے کھیل پیش کر کے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ چیئرمین سیال ملک محمد اشرف اعوان نے شعیب ملک کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور رمضان المبارک کی برکتوں سے ہماری ٹیم نے جو کارکردگی دکھائی ہے۔انشاء اللہ بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔