سانحہ احمد پور شرقیہ ، برن یونٹ میں زیر علاج زخمیوں کے لواحقین کی رہائش اور طعام کا مکمل انتظام ضلعی انتظامیہ کرے گی‘ڈپٹی کمشنر

اتوار 25 جون 2017 22:10

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے ملتان لائے گئے زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ضلعی انتظامیہ نے تمام پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی بھی نافذ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برن یونٹ میں زیر علاج زخمیوں کے لواحقین کی رہائش اور طعام کا مکمل انتظام ضلعی انتظامیہ کرے گی جبکہ کل عید الفطر کی نماز بھی تمام ضلعی آفیسران سانحہ کے زخمیوں کے لواحقین کے ہمراہ ادا کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی ملتان میں آمد کے بعد انکو طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد اکرام اورضلعی آفیسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے برن یونٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانے والوں کے دکھ کا اندازہ کوئی نہیں کرسکتا تاہم ضلعی انتظامیہ ہر زخمی کی جان بچا نے کے لئے سر توڑ کو شش کر رہی ہے ۔

نادر چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے زخمیوں کو مکمل علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کر نے کا حکم دیا ہے جس پر عملد رآمد کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے ہدایت کی کہ عیادت کیلئے آنیوالے ورثاء کے لئے طعام اور رہائش کا فوری بند و بست کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :