جنرل قمر جاوید باجوہ عید کے موقع پر دکھی بہادر پاکستانی بھائی بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ پاک فوج دہشت گردی اور آتشزدگی کا نشانہ بننے والے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا آرمی چیف کے بیان کے حوالے سے ٹوئٹ

اتوار 25 جون 2017 21:50

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ عید کے موقع پر دکھی بہادر پاکستانی بھائی بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی اور آتشزدگی کا نشانہ بننے والے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ انشاء الله ہم بحیثیت قوم متحد ہو کر اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام چیلنجز پر قابو پائیں گے۔ انہوں نے قوم کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ دریں اثناء پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف نے عیدالفطر سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے دہشت گردی اور آتشزدگی کا نشانہ بننے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے کیا گیا ہے۔