Live Updates

وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کااحمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثہ پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار

․ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف امدادی کاموں اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں ، متاثرین کی ہر ممکن امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچائو کیلئے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر تعلیمی، معلوماتی اور آگاہی پروگرام کا آغاز عید کے بعد کیا جائے گا وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی اتوار کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

اتوار 25 جون 2017 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں ہونے والے آئل ٹینکر حادثہ پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف امدادی کاموں اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اتوار کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ ایک بڑا اور المناک سانحہ ہے، اس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری توجہ متاثرین کی جانیں بچانے پر ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں، فوج اور ریسکیو ادارے متاثرین کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف امدادی کاموں اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ سے سبق سیکھ کر نئے ایس او پیز بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچائو کیلئے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پر تعلیمی، معلوماتی اور آگاہی پروگرام کا آغاز عید کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ آگے آئے اور عوام کی آگاہی کیلئے پروگراموں میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ توجہ طبی اور امدادی آپریشن پر دی جا رہی ہے تاکہ ہر ممکن حد تک جانوں کو بچایا جا سکے۔ دریں اثناء وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا اور دعا کی کہ الله تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل اور یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطافرمائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اوگرا نے متعلقہ آئل کمپنی سے اس واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کی ہے، جو بھی اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرا اس کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر برن سنٹرز قائم کرنے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے برن سنٹرز کے قیام کے منصوبہ کے تحت جناح ہسپتال لاہور میں 74 بستر، نشتر ہسپتال ملتان میں 72 بستر، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں 74 بستر جلنے والے افراد کیلئے مخصوص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ ریاض ہسپتال میں بھی مریضوں کو علاج معالجہ کیلئے منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ 50 مریض نشتر ہسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی متاثرین کیلئے طبی امداد کا اعلان کیا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات