رمضان البارک کے اختتام پر عید کا موقع اللہ کا بہت بڑ ا انعام ہے، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان

اتوار 25 جون 2017 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان البارک کے اختتام پر عید کا موقع اللہ کا بہت بڑ ا انعام ہے لیکن اس مرتبہ عید کے سے قبل کے واقعات نے مجھ سمیت پری قوم کو سوگوار کردیا ہے ۔چند دنوں کے دوران کوئٹہ ،کراچی ،پارا چنار اور احمد پور شرقیہ کے سانحات نے جہاں عید کی خوشیاں ماند کردیں وہیں یہ بات بھی کھل کر سامنے آگئی کہ دہشت گرد ناصرف پوری طرح فعال ہیں بلکہ قوم کی خوشیوں کو گہن لگانے والے انکے ملکی سہولت کار بھی اس قابل ہیں کہ انہیں نشان عبرت بنا دیا جائے ۔

آفاق احمد نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں جو کچھ ہوا اسکی وجہ غربت اور افلاس کے سوا کچھ نہیں ،اگر چند روپوں کے پیٹرول کیلئے عوام اپنی جانوں کو دائو پر لگارہے ہیں تو یہ بیرون ملک عید منانے والے حکمران و سیاستدانوں اور پنجاب حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ جن کی توجہ اپنی ذاتی تشہیر کیلئے کروڑوں روپوں کے اشتہارات پر تو ہوتی ہے لیکن عوام کی بھوک و افلاس دور کرنے کیلئے انکے پاس کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا یہ حقیقت ہے کہ مجھ سمیت قوم کا دل دکھ سے بوجھل ہے لیکن اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرنا بھی واجب ہے اور میں یہ بات اچھی طرح جانتا ہوں کہ غموں اور پریشانیوں کے زہر سے خوشیوں کا تریاق کشید کرنا پاکستانی قوم اچھی طرح جانتی ہے اس لئے عید جو کہ اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے اسکے لئے سجدہ شکر بجا لایا جائے ۔آفاق احمد نے کہا کہ جہاں رمضان صبر و برداشت کا درس دیتا ہے وہیں عید کی خوشیوں میں نادارو مساکین کو شریک کرنا بھی عبادت سے کم نہیں اس لئے عید کی خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شریک کیا جائے جو کسی بھی وجہ سے عید منانے سے محروم ہیں۔

کارکنان کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں شہداء اور اسیروں کے اہل خانہ کو بھی لازمی شریک کیا جائے ۔#