بہاول پور، احمد پور شرقیہ کے قریب نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر الٹنے کے بعد آگ لگنے دھماکہ ، جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 150ہوگئی، 100سے زائد زخمی،ٹینکر الٹنے کے بعد وہاں قریبی دیہات سے لوگ اکٹھے ہو کر تیل جمع کر رہے تھے کہ ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔آگ لگنے سے شاہراہ پر سفر کرنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی آگ کی لپیٹ میں آئے ، ڈی سی او

اتوار 25 جون 2017 20:50

بہاول پور، احمد پور شرقیہ کے قریب نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر الٹنے کے ..
بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) بہاولپور احمد پور شرقیہ کے قریب نیشنل ہوئے وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد آگ لگنے سے دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں150فرادجھلس کرجاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، زرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے المناک حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر پھٹنے کا واقعہ قومی شاہراہ پر پل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہونے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے،اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں150افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ڈی سی او بہاولپور سلیم افضل کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ان کا کہنا ہے کہ اب تک150افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے اور ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی او نے بتایا کہ ٹینکر الٹنے کے بعد وہاں قریبی دیہات سے لوگ اکٹھے ہو کر تیل جمع کر رہے تھے کہ ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔آگ لگنے سے شاہراہ پر سفر کرنے والی گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق زخمیوں کو احمد پور شرقیہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہاولپور اور ملتان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں اور بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں کو برن سنٹرز منتقل کرنے کے لیے پاکستانی فوج نے چار ہیلی کاپٹر فراہم کر دئیے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے، امدای کارروائیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان کی شناخت ڈی این اے کے بغیر ممکن نہیں۔زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ اسپتال سمیت قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے، ہسپتال میں زخمیوں کیلئے دستیاب سامان کم پڑگیا ہے جبکہ زخمیوں کیلئے دیگروارڈز خالی کرائے گئے۔وکٹوریہ ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس حوالے سے ایم ایس وکٹوریہ ڈاکٹرطاہرہ سعید کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ اسپتال میں 67 افراد شدید جھلسے ہوئے لائے گئے ہیں جبکہ زخمیوں کوسی ایم ایچ سمیت دیگراسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔

حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا کہناتھا کہ آگ لگنے سے قبل اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن پیٹرول جمع کرنیوالوں نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر وہ ہوا جو کسی قیامت سے کم نہ تھا ۔ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا گیاجبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔وزیراعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے احمد پور شرقیہ کے قریب ہونے والے حادثے میں بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے انکوائری رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذاتی کا ہیلی کاپٹر بھی زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدیت کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اورچیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں سوگواران کے ساتھ ہیں۔