عید الفطر پر عید گاہوں، مساجد وامام بارگاہوں اور دیگرمقامات پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں، عوام دہشت گردوں پر کڑی نگاہ رکھیں، سینئر ڈپٹی کنوینر

پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونیوالی دہشت گردی نے عوام میں خوف و ہراس کی فضاء پیدا کردی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے، عامر خان

اتوار 25 جون 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے عیدالفطر کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلی سندھ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر عید گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی کہا کہ وہ سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں پر کڑی نگاہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونیوالی دہشت گردی نے عوام میں خوف و ہراس کی فضاء پیدا کردی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے۔ قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچاسکتی کیونکہ قوم متحد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان سے کہا کہ وہ اور عوام شر پسندوں پر گہری نظر رکھیں۔

کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور رابطہ کمیٹی عید الفطر پر شہداء اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ انہوں نے عیدالفطر پر پوری قوم کو مبارکباد اور پاکستان کے استحکام ، ایم کیو ایم پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے آخر میں کنکریٹ پلان کے تحت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ دہراتے ہوئے تمام ارباب اقتدار اور ا داروں سے عملی کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔

متعلقہ عنوان :