سربراہ ایم کیوایم (پاکستان ) کی عیدالفطر کے موقع پرپاکستان سمیت بیرون ملک مقیم مسلمانوں کو دلی مبارکباد

عید سے چند دن قبل پاراچنار، کوئٹہ، کراچی میں دہشت گردی کے واقعات اور احمد پور شرقیہ میں ہولناک حادثہ نے عید کے دن کو غم و دکھ کی فضا ء میں دھکیل دیا ہے رابطہ کمیٹی کے اراکین تمام شہیدوں ، اسیروں، لاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کے ہمراہ عید منائیں ،انکی دلجوئی کریں،ڈاکٹر فاروق ستار

اتوار 25 جون 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پرپاکستان سمیت بیرون ملک مقیم مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار خوشی اور مسرت کا تہوار ہے امت مسلمہ کے لئے یہ دن بہت اہمیت کا حامل ہے۔ عید المبارک پر اتحاد اور سلامتی اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عید سے چند دن قبل پاراچنار، کوئٹہ، کراچی میں دہشت گردی کے واقعات اور احمد پور شرقیہ میں ہونے والے ہولناک حادثہ نے عید کے دن کو غم و دکھ کی فضا ء میں دھکیل دیا ہے جس پر ہر آنکھ پرنم ہے تاہم میں یہ ضرور کہوں گا کہ اس پرمسرت دن کے موقع پر ارباب اقتدار بے گناہوں اورسیاسی بنیادوں پر گرفتار کئے گئے افراد کے لئے خصوصی رعایت کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قوم کو خوشیاں اسوقت ملیں گیں جب نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل ہو اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہواور دہشت گردوں پر عرصہ حیات تنگ ہو جو ہر خوشی کے موقع پر قوم کو دہشت گردی کے ذریعے دکھ اور کرب میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عید کے موقع پر سب سے پہلے اپنے شہدائوں کے خاندانوں ، اسیر ساتھیوں اور انکے اہل خانہ ، لاپتہ ساتھیوں اور انکے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے اور اس دن کے موقع پر ان کے لئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالی اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کو جلد ہمارے درمیان لائے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشیاں منائیں۔

شہیدوں کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ہم انکے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام شہیدوں ، اسیروں، لاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کے ہمراہ عید منائیں اور انکی دلجوئی کریںکیونکہ شہداء ، اسیر اور لاپتہ کارکنان ہمارا سب کچھ ہیں انکی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے لئے افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے ادارے جانوں کے نذرانے دینے کے ساتھ ہمہ وقت سرحدوں پر متحرک ہیں ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ملک کو ہر قسم کی آفات ، بلیات اور سازشوں سے محفوظ رکھے ا۔