نیب کی کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے شروع کی گئی موثر حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ،ْقمر زمان چوہدری

نیب نے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے ،ْ سی پیک کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا ،ْ بیان

اتوار 25 جون 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے شروع کی گئی موثر حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جن سے کرپشن کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔نیب نے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے ہیں جس کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب نے قومی فرض کی ادائیگی کے تحت عدم رعایت کی پالیسی اختیارکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے دور میں نیب نے بدعنوان اشخاص کے خلاف متعلقہ عدالتوں میں بدعنوانی کے 100 سے زائد ریفرنسز فائل کئے ہیں جبکہ گذشتہ تین سال کے دوران نیب نے 45ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو نیب کی ایک تاریخی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اورموجودہ انتظامیہ کے دورمیں نیب کے علاقائی دفاترکی تعداد 5 سے 8 تک بڑھائی گئی ہے تاکہ بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے لوگوں کی شکایات کو موثر طریقے سے نمٹایا جاسکے۔ عملے کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے نیب نے میرٹ پر104افسر بھرتی کئے ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی امیدوار نے کوئی شکایت نہیں کی کیونکہ بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ نیب نے میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر137 افسروں کو ترقی بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے خود احتسابی کا نظام بھی وضع کیا ہے تاکہ کام نہ کرنے والے اہلکاروں کی نشاندہی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے اپنے دورمیں 83افسروں کے خلاف کارروائی کی جن میں سے 34کو چھوٹی سزائیں دی گئیں جبکہ مس کنڈیکٹ کی بنیاد پر23افسران کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب واحد ادارہ سے جو وائٹ کالر کرائمز کے خلاف کارروائی کے لئے باقاعدہ وقت مقرر کرتا ہے اور شکایت سے لے کر ریفرنس فائل کرنے تک کے عمل کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی قومی اور بین الاقوامی ادارے بھی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، ورلڈ اکنامک فورم اور مشال پاکستان نے نیب کی کارکردگی کی تعریف کی ہے جو پاکستان کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین منتخب ہوا جو بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک ممالک میں نیب ایک رول ماڈل کے طور پر کام کررہا ہے اور نیب نے چین کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں تاکہ سی پیک کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے وفاقی اور صوبائی محکموں میں بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی کو مزید موثر بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :