شوال المکرم1438ء کا چاند نظر آ گیا… ملک بھر میں عید الفطر (آج) منائی جا ئیگی

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس قبل ازیں محکمہ اوقاف پشاور کے دفتر میں منعقد کیا جانا تھا تاہم سیکیورٹی تھرٹس کے باعث اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزارت مذہبی امور کے آفس میں منعقد ہوا

اتوار 25 جون 2017 20:10

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) شوال المکرم 1438کا چاند نظر آ گیا،عید الفطر (آج) مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ اتوار کی شب اس بات کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے عید کا چاند دیکھنے کیلئے ہونے والے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس قبل ازیں محکمہ اوقاف پشاور کے دفتر میں منعقد کیا جانا تھا تاہم سیکیورٹی تھرٹس کے باعث اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزارت مذہبی امور کے آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران ‘ علماء کرام ‘ محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مفتی منیب الرحمن نے کہاکہ ملک کے مختلف حصوں سے شوال المکرم 1438ھ کا چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن کے بعد یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ (آج) بروز پیر کی صبح عید الفطر ہو گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی و استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر آنے کی تصدیق اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھی اس کی اطلاع دی۔ مفتی منیب الرحمان نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے ۔ اس سلسلے میں امت مسلمہ کو مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو سلامتی عطا فرمائے۔ …