دہشتگرد نہتے ،معصوم اوربے گناہ افرادکو اپنی درندگی کا نشانہ بنارہے ہیں،بشارت مرزا

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ بشارت مرزانے پاراچناراورکوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بوکھلائے ہوئے دہشتگرداپنے بلوں سے نکل کر نہتے ،معصوم اوربے گناہ افرادکو اپنی درندگی کا نشانہ بنا رہے ہیں،پاک فوج دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ردالفسادمیں مزید تیزی لائے اور دہشتگردی میں ملوث وحشی درندوں کا قلع قمع کر کے قوم کو دہشتگردی سے نجات دلائے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی اس وقت پاکستان کا گھمبیرمسئلہ بن چکاہے جس پر فوری اور ہنگامی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے جاری آپریشنزکو مزیدتیزترکی ضرورت ہے ۔وہ اپنے دفترمرزاہائوس میںعہدیداران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارشد مرزا،عبدالحمیدمغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین ، سلیم نیازی، علی بہادر خان، عبدالرشید، عبدالحکیم ،عبدالمجید قریشی ودیگر بھی موجودتھے۔

بشارت مرزا نے کہاکہ دہشتگردی پاکستان کی سالمیت کے خلاف بین الاقوامی سازش ہے حکومت کوچاہیئے کہ اس کوبے نقاب کرکے قوم کے سامنے لائے اوران سازشوں کاقلع قمع کرے۔ سفاک دہشت گرد ایک بڑے عرصے سے اہم شخصیات کونشانہ بنارہے ہیں دوسری جانب سیکورٹی ادارے اپنے فرائض کی احسن طریقے سے ادائیگی میں ناکام ہوچکے ہیں،پے درپے دہشتگردی کے واقعات نے پاکستان کاحلیہ بگاڑ کررکھ دیاہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے دورمیں دہشتگردی کابڑی بہادری سے مقابلہ کیا ،موجودہ حکومت بھی اپنے طورپر دہشتگردی کے خلاف نبردآزمارہی ،تاہم ابھی تک کوئی خاطر خواہ نتائج برآمدنہیں ہوسکے ہم امیدرکھتے ہیں کہ حکومت اس سلسلے میںمزید پیش رفت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرے گی اور عوام کوخوف ودہشت کی فضاء سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگی۔