پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ خیرات دینے والے ممالک میں شامل ہے،ہماری فلاحی تنظیمیں پوری دنیا میں مشہور ہیں،ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا کہ پاکستانی جامعات اور اشرافیہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کلیدی کرداراداکریں۔ہمیں عید کے اس پرمسرت موقع پر ان افراد کو نہیں بھولنا چاہیئے جو اپنے مالی حالات یا صحت کی وجہ سے عید کی خوشیوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔

ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اپنے معاشرے اور اس کے لوگوں کی خدمت کا موقع مل رہاہے۔پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ خیرات دینے والے ممالک میں شامل ہے،ہماری فلاحی تنظیمیں پوری دنیا میں مشہور ہیں۔انسانیت کی خدمت ایک عظیم فریضہ ہے جس کا اسلام میں بھی حکم دیاگیاہے،ہم میں سے سب بہترین وہ ہے جو دکھی انسانیت اورکمزور کی خدمت کرتاہے۔

(جاری ہے)

ہمیں چاہیئے کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کی خدمت کرکے ایک فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے تھر پارکر کے متاثرہ خاندانوں کو خوراک کی اشیاء اور ان کے بچوں کیلئے کھلونے بھجوائے گئے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کی قیادت میں دارالسکون کراچی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے خصوصی بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔شاہانہ عروج کاظمی نے بتایا کہ دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن نے اپنے نصاب میں ایک کریڈٹ آورز پر مشتمل کمیونٹی سروس کا کورس متعارف کرایا ہے جس میں تمام طلبہ کو کسی فلاحی ادارے میں اپنی خدمات سرانجام دینی ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :