بہاولپورمیں ٹینکرآتشزدگی واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،علامہ سیدعقیل انجم قادری

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء)جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ سیدعقیل انجم قادری نے کراچی میں قتل و غارت گری کے واقعے اورکوئٹہ وپاراچناربم دھماکوںپر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران درجنوں بے گناہ اور معصوم شہری دہشت گردوں کی ہوس کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں جو کہ بہت بڑا انسانی المیہ اور حکمرانوں اور پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہیں،بہاولپورمیں ٹینکرآتشزدگی واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دین نے انسانی جان کی حرمت اور سلامتی کو ہر حال میںیقینی بنانے کے لئے بڑے موثر تحفظات فراہم کئے ہیں لیکن اللہ کے نافرمان ، دنیا کے دلدادہ اور گمراہ افراد دینی احکامات کے بر خلاف اپنے مخصوص مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے معصوم ،بے گناہ اور قیمتی انسانی جانوں کو ضائع کرنے میں ذرا بھی نہیں ہچکچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوںنے علمائے کرام کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔

وفد میںکراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علمائے اہلسنّت کی بہت بڑی تعداد شامل تھی۔اس موقع پر رویت ہلال کے معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا کہ مفتی منیب الرحمان کی کارکردگی تمام نقائص سے مبرا ہے اورعلیٰحدہ عید منانے والوں کے موقف میں ان سے مخاصمت اور عداوت کے علاوہ کچھ نظر نہیں آ رہا،تاہم تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام مفتی منیب الرحمان کی عید کی رویت کو درست تسلیم کرتے ہیںاور ملک کے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی مفتی منیب الرحمان پر اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں لہٰذا سازشی عناصر کو جلد ناکامی اور ہزیمت کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی رائے عامہ مفتی منیب الرحمان کے ساتھ ہے اور انکے مخالفین کے اٹھائے گئے فتنے کا انجام ہوچکاہے،پچھلے سال بھی ملک بھرکے مسلمانوں نے ایک دن عید مناکر اتحادویکجہتی کا زبردست مظاہرہ کیاتھااور مخالفت کا فتنہ اپنی موت آپ مرگیاتھالہٰذااس سال بھی پوری قوم ایک ساتھ عیدمناکر اپنے اتحادکا مظاہرہ کرے گی۔علامہ سید عقیل انجم قادری نے ان سے ملاقات کے لئے آنے والے علمائے اہلسنّت کے جذبے کی بھر پور پذیرائی کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ملاقات کے لئے آنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔