چیف آف دی نیول اسٹاف نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیونی، پسنی،گوادر اوراورماڑہ میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ہمراہ ایک دن گزارا، وطن عزیز کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے حوالے سے ان کی پیشہ ورانہ کردار وجذبے کو سراہا

دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، بحریہ کی گاڑی پر حملے سے معتلق سوال پر نیول چیف کا جواب

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیونی، پسنی،گوادر اوراورماڑہ میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ہمراہ ایک دن گزارا۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے جیونی میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیو ل چیف نے وطن عزیز کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے حوالے سے ان کے پیشہ ورانہ کردار اور جذبے کو سراہا۔

پاک بحریہ کی گاڑی پر حملے کے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

چیف آف دی نیول اسٹاف گوادر پہنچے جہاں انہوں نے گوادر پورٹ اور دیگر نیول یونٹس میں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ افطار کیا۔

اس موقع پر نیول چیف نے افسروں اور سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کی تعریف کی اور بندرگاہ کے حفاظتی امور اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ دن کے اختتام پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جناح نیول بیس اورماڑہ کا دورہ کیا اور رات وہیں گزاری۔ جہاں انہوں نے بیس پر تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ساتھ سحری کی اور ان کی آپریشنل تیاری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ۔بعد ازاںنیول چیف نے پی این ایس محافظ کا دورہ کیا اورسمندر میں پی این ایس شمشیرپر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی،نیول چیف نے ملکی سمندری حدود کے دفاع کی خاطر ان کی لگن اور جذبے کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :